ضلعی حکومتیں صوبائی حکومت کے منظور شدہ فارمولہ کے مطابق اخراجات کی پابند ہیں،پرویزخٹک

 
0
362

پشاور اگست 06.(ٹی این ایس )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ضلعی حکومتیں صوبائی حکومت کے منظور شدہ فارمولہ کے مطابق اخراجات کی پابند ہیں۔ وسائل کا منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے ۔صحت ، تعلیم اور عوامی خدمات کی دیگر سکیموں پر انکی روح کے مطابق عمل درآمدیقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضلع شانگلہ سے سدیدالرحمٰن کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ممبران کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ایم پی اے شوکت یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالمنعم اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو ضلع کونسل میں درپیش مسائل اور عوامی مفاد کی سکیموں پر عمل در آمد کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ شانگلہ میں اخراجات کے طریق کار، صحت و تعلیم کی سہولیات اور دیگر مسائل کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ دیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا مقصد غریب عوام کو ریلیف دینا ہے۔ صوبائی حکومت عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام پر سرمایہ کاری کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی حکومتیں صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق فنڈز کا کارآمد استعمال یقینی بنائیں اور ضلع میں جاری عوامی مفاد کی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں۔ غریب عوام کو تعلیم ،صحت اور سماجی خدمات کے دیگر شعبوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے۔ عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی وفلاحی اقدامات کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔