مقتول صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی کینیا سے پاکستان روانہ

 
0
158

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ارشد شریف کی میت پیر اور منگل کی درمیانی شب نیروبی سے روانہ کردی گئی جو براستہ دوحہ بدھ کی رات اسلام آباد پہنچے گی۔
کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی میت پیر اور منگل کی درمیانی شب نیروبی سے براستہ دوحہ اسلام آباد روانہ کردی گئی۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کا جسد خاکی آج رات ایک بجکر 25 منٹ پر نیروبی سے دوحہ کے لیے قطر ایئر لائنز کی پرواز سے وطن واپس لائی جا رہی ہے۔ دوحہ سے یہ پرواز 25 اکتوبر کو شام سات بجکر 35 منٹ پر روانہ ہوگی اور بدھ کی رات تقریبا ایک بجکر پانچ منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی۔
بیان کے مطابق کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے نیروبی ایئرپورٹ پر انتظامات کی نگرانی کی۔
ارشد شریف کو 24 اکتوبر کو کینیا میں مبینہ طور پر پولیس نے گولی ماری تھی، جس کے باعث وہ چل بسے۔
کینیا کی نیشنل پولیس سروس کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں مگادی کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، جس کے نتیجے میں 50 سالہ پاکستانی صحافی ارشد محمد شریف ایک پولیس آفیسر کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں چل بسے۔
پولیس کے مطابق: واقعے کے وقت مقتول کے ہمراہ ان کے بھائی خرم احمد بھی گاڑی میں سوار تھے۔
کینیا کی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پینگانی پولیس نے ایک کار چوری ہونے کی اطلاع پر کارروائی شروع کی اور گاڑی کا پیچھا کرنے والے افسران نے مگادی پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے سڑک پر ناکہ لگایا۔
بیان کے مطابق مقتول کی گاڑی ناکے پر رکے بغیر گزر گئی جس پر اسی وقت فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ارشد شریف کی موت واقع ہوگئی۔
مزید کہا گیا کہ نیشنل پولیس سروس کو اس بدقسمت واقعے پر افسوس ہے اور حکام مناسب کارروائی کے لیے اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔