وفاقی پولیس کو انٹرپول اور ایف آئی اے کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی

 
0
59

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس کے آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے ساتھ ڈی آئی جی سکندر حیات (ڈائریکٹر این سی بی،ایف آئی اے) اور انٹرپول کے نمائندہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی پولیس کو انٹرپول اور ایف آئی اے کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی۔اس سلسلہ میں این سی بی اور اسلام آبادپولیس کے درمیان ایک معاہدہ ہو گا اور یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے ساتھ ان کے دفتر میں ڈی آئی جی سکندر حیات ڈائریکٹر نیشنل سنٹرل بیورو (انٹرپول)ایف آئی اے اور انٹرپول کے نمائندے نے ملاقات کی۔ملاقات میں طے پایا کہ اسلام آباد پولیس کو بھی ایف آئی اے اور انٹرپول کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل ہو گی جس کے لئے این سی بی ایف آئی اے اور اسلام آبادپولیس کے درمیان ایک معاہدہ ہوگا اور یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔اسلام آباد پولیس، ایف آئی اے اور انٹر پول کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ کے ذریعے بیرون ملک جانے اور پاکستان آنے والے مجرمان کی نشاندہی ہو سکے گی جبکہ مطلوب ملزمان کی آمدورفت کی نگرانی ہو سکے گی۔باہمی ڈیٹا شئیرنگ سے ان محکمہ جات کے درمیان باہمی تعاون کو مزید موثر بنایا جا سکے گا۔اور جرائم پیشہ،گاڑیوں اورمطلوب ملزمان اور مقدمات کے متعلق ڈیٹا شئیرنگ میں جو دشواریاں پیش آرہی تھیں ختم ہو جائیں گی۔ افسران کے درمیان اس معاہدہ کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے پر اتفاق ہوا اور اس احسن اقدام کو سراہا گیا۔