مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے، وزیراعظم

 
0
145

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انصاف، مساوات، وقار اور انسانی حقوق کیلئے کام کرتی رہے گی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 74 سال قبل انسانی حقوق کا عالمی منشور منظور کیا، اس سال کا تھیم وقار، آزادی اور انصاف سب کے لیے ہے، انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ان اقدار اور اس وژن کی حقیقت میں ترجمانی کرتا ہے، قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ سال پاکستان کے لیے خاصا مشکل رہا ہے، معاشی عدم استحکام سے لے کر سیلاب کی تباہ کاریوں تک عوام نے بہت نقصان اٹھایا، انہوں نے کہا کہ مساوات اور ناانصافی سے پاک معاشرے کے لیے یکجہتی سے کام کرنا چاہیے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے، کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے، حق خودارادیت کو “دہشت گرد انسداد دہشت گردی” کے بیانیے سے پامال کیا گیا، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے آزادی کے حق کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری کھے گا، حکومت انصاف، مساوات، وقار اور انسانی حقوق کے لیے کام کرتی رہے گی۔