پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے پر ق لیگ اور پی ٹی آئی میں دوریاں برقرار

 
0
173

اسمبلی کی تحلیل پر تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعت ق لیگ میں شرائط پر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعت ق لیگ میں تاحال دوریاں برقرار ہیں، اور وزیراعلی پنجاب پرویز الہی پر اسمبلی تحلیل کے عوض مشروط انتخابی ایڈجسٹمنٹ کیلیے شدید دبا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ق لیگ کو اپنی شرائط پیش کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے میں ساتھ دیں، اور 28 قومی اور صوبائی سیٹوں پر انتخابات لڑیں، لیکن ق لیگی امیدواروں کو الیکشن بلے کے نشان پر لڑنا ہوگا۔دوسری جانب ق لیگ کے ارکان نے اپنے تحفظات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بلے کے نشان پر الیکشن لڑے تو اپنی انفرادی حیثیت ختم ہوجائے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عمران خان نے اپنی شرائط تو پیش کردی ہیں تاہم اس پیکج میں مستقبل میں وزارت اعلی سمیت کسی بڑے عہدے کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ رہنما اور وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ابھی تک پی ٹی آئی کی پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا، اور ممکنہ طور پر وہ اپنی جماعت کے اراکین سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔