عمران خان اربوں روپے کے تحائف کم قیمت پر گھر لے گئے:عطا تارڑ

 
0
147
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانونی امور عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’عمران خان نے اربوں روپے کے تحائف کی قیمت لاکھوں میں لگوائی اور گھر لے گئے۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور عطا تارڑ نے کہا کہ ’عمران خان کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ملک کی عزت و وقار کو مجروح کیا۔ اربوں روپے کے تحائف کو انڈر ویلیو کر کے مالی فائدہ حاصل کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک ارب کے تحفے کی ویلیو 58 لاکھ لگوا کر 29 لاکھ سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے۔ ’گراف کا ہیروں کا سیٹ 15 ملین ڈالر کا ہے، اس سیٹ کو انڈرویلیو کرا کے90 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے۔‘
عطا تارڑ نے بتایا کہ ’یہ تحفہ اس وقت کی خاتون اوّل کو بطور تحفہ دیا گیا تھا۔ عمران خان کی اہلیہ کو 10 کیرٹ کی انگوٹھی تحفے میں ملی۔ ایک زرد ہیرے کی انگوٹھی کی قیمت 9 لاکھ 85 ہزار ڈالر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ڈائمنڈ سے بھری رولیکس کی گھڑی کی قیمت کروڑوں سے اوپر ہے جس کی ویلیو لاکھوں میں لگوائی گئی۔ اربوں روپے کے تحفوں کو انڈرویلیو کر کے گھر لے گئے یا بیچ دیا، یہ تحقیقات میں پتہ چلے گا۔‘
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ ’ان تحائف کی قیمت تاج محل پلازا سے لگوائی گئی۔ تحفے بیچنے میں سرکاری افسران کے نام بھی آ رہے ہیں۔ انکوائری چل رہی ہے اور نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔‘