کسان پیکیج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے ، وزیر اعظم کی ہدایت

 
0
139

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے دیے گئے تاریخی کسان پیکیج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اپنے ابتدائی کلمات میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں غذائی تحفظ کے لیے گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت اور پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے۔
مزید برآں کسانوں کو دالوں سمیت دیگر غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سیکوریٹی کی ضامن ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کسان پیکیج پر عمل درآمد کے لیے نوجوانوں کے لیے قرضہ سکیم، چھوٹے کسانوں کے لیے سود پر چھوٹ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضے فراہم کرنے کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک نوٹیفیکیشن کے ذریعے بینکوں کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔
رواں مالی سال میں نومبر تک 664 ارب کے زرعی قرضے کسانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہیں۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق چودھری طارق بشیر چیمہ، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان،وزیر صنعت سید مرتضی محمود، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔