توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

 
0
75

توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے عدالت میں پیش ہوکر بیان دیا کہ وہ طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کررہے ہیں۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان کی جانب سے کوئی وکالت نامہ دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ساتھ لگائی ہے؟ عمران خان کی جانب سے تو کوئی درخواست بھی دائر نہیں ہوئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش ہونے والے جونیئر وکیل کا کہنا تھا کہ نہ تو وکیل کا وکالت نامہ جمع ہے اور نہ ہی درخواست پر عمران خان کے دستخط ہیں۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان کی جانب سے وکالت نامہ آجاتا تو مقدمے کی نقول آج ہی آپ کو دے دیتے۔ بیرسٹر علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی کہ توشہ خانہ ریفرنس میں کوئی تاریخ دے دیں۔ اگر تاریخ فروری کی مل جائے تو بہتر ہوگا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو کیس کی مصدقہ نقول فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔