عمران خان کا مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کا کیس، جمائما کا ڈیکلیریشن عدالت میں جمع

 
0
129

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر جواب داخل کرانے کے لیے 27 جنوری تک مزید مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری ساجد محمود کی جانب سے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کی۔ پٹیشنر کی جانب سے سینئر وکیل سلمان اسلم بٹ نے بھی وکالت نامہ جمع کروادیا۔
ٹیریان کی گارڈین شپ سے متعلق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 18 نومبر 2004 کاڈیکلیریشن بھی پٹیشن کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔ ڈیکلریشن میں جمائما نے ٹیریان وائٹ کی گارڈین شپ اپنے پاس رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کیرولنا وائٹ کو دینے کا کہا تھا۔
عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ابتدائی جواب جمع کرانا چاہتے ہیں مگر آفس نے اعتراضات عائد کیے ہیں کہ بائیو میٹرک کے لیے عمران خان کو خود آنا پڑے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لیے مختلف آٹ لیٹس موجود ہیں، آپ اور آپ کے کلائنٹ اتنے بااثر ہیں کہ بائیو میٹرک مشین گھر پر ہی منگوالیں اور اس کی رسید ساتھ لگا دیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا عمران خان نے استعفی دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔