اسلام آباد(ٹی این ایس)انتخابات میں تاخیر: پیپلزپارٹی نے خطرے کی گھنٹی بجادی

 
0
72

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی آئندہ انتخابات میں تاخیر کا اشارہ دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کو 4 ماہ چاہیے ہوتے ہیں، اگر ڈیڑھ ماہ الیکشن میں تاخیر ہو بھی جائے تو حرج نہیں۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے بعد صوبوں کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی اس لئے کسی آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی تھی۔

اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے تمام 8 ارکان نے مردم شماری کی متفقہ منظوری دی ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کا کام 120 دن میں ہونا ہے، قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی نشستوں کا حصہ وہی رہے گا۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔