اسلام آباد(ٹی این ایس )رضوانہ تشدد کیس میں نیا موڑ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

 
0
41

رضوانہ تشدد کیس میں نیا موڑ آ گیا ہے، ملزمہ سومیا عاصم کی عدالت میں پیش کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمہ سومیا عاصم نے سی سی ٹی وی فوٹیج 23 جولائی کو عدالت پیش کی جس کے مطابق رضوانہ بس سٹینڈ پر والدہ کے حوالے کی گئی، 23 جولائی کو ملازمہ 6:57 پر گاڑی میں روانہ ہوتے نظر آ رہی ہے۔ رات 8 بج کر 9 منٹ پر گاڑی بس سٹینڈ پر پہنچتی ہے۔ گاڑی سے بچی سہارا لے کر اترتی ہے۔ بینچ پر بھی بچی ماں کا سہارا لئے بیٹھی نظر آتی ہے۔ 8 بجکر 9 منٹ پر ملازمہ کی والدہ بس سٹینڈ پر موجود نظر آتی ہے۔ ملازمہ رضوانہ کو لانے والی گاڑی بس اڈے پر رکتی ہے۔
فوٹیج کے مناظر کے مطابق رضوانہ کی والدہ شمیم اسی گاڑی میں بیٹھتی پھر 10 منٹ بعد گاڑی سے باہر نکلتی ہے۔ ایک بجکر 37 منٹ پر ملازمہ اور اس کی والدہ بس سٹینڈ سے روانہ ہوتے ہیں۔ بس سٹینڈ موجودگی کے دوران ملازمہ کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ 8 بجکر 25 منٹ پر ملازمہ اپنے ہاتھوں سے پانی پیتے بھی دکھائی دیتی ہے۔ ماں کے قریب آنے پر بچی بے سود لیٹی دکھائی دیتی ہے۔ بس سٹینڈ پر ملازمہ کی والدہ موبائل فون استعمال کرتے دکھائی دیتی ہے۔ بچی کی والدہ کے کہنے پر بس کو بینچ کے قریب لایا جاتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق بچی کو ایک شخص اٹھا کر گاڑی میں سوار کراتا ہے۔

اس سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمہ سومیا عاصم کا موقف سامنے آیا ہے کہ ہم نے ملازمہ کو خود بس سٹینڈ پہنچایا جبکہ ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ رضوانہ کو اس کی والدہ خود سومیا عاصم کے گھر سے آ کر لے گئی۔ اس فوٹیج نے تشدد کیس کی صورتحال کو مزید الجھا دیا ہے جس میں شواہد ایف آئی آر کے متن کے خلاف جا رہے ہیں۔
پولیس نے ملزمہ سومیا عاصم کو گرفتار کر لیا تھا، اب ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ لینے کی کوشش کی جائے گی جس میں تفتیش کے بعد صورت حال سامنے آئے گی