نمبرز پورے کرلئے جلد تحریک عدم اعتماد پیش کردیں گے، فضل الرحمان کا دعویٰ

 
0
370

اسلام آباد 02 مارچ 2022 (ٹی این ایس): مولانا فضل الرحمان نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اگلے 48 گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔ میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگلے دو سے تین دن بہت اہم ہیں، تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہورہا ہے۔ ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے، سارے امور کو دیکھا جارہا ہے۔ اپوزیشن کی لیڈرشپ اس وقت مسلسل رابطے میں ہے۔ حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے میں ہیں۔۔ اس موقع پر اپنے نمبر پورے ہونے کا دعویٰ بھی کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ اس وقت غیر جانبدار ہے۔ ہمیں اسٹبلشمنٹ کی مدد کی ضرورت نہیں، چاہتے ہیں کہ اسٹبلشمنٹ عمران خان کو سپوٹ نہ کرے۔ اسٹیبلشمنٹ کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہے ن لیگ پیپلزپارٹی کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے یا نہیں، میرے علم میں نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سے کسی نے انفرادی پور پر رابطہ کیا تو ادارے نے اس کا نوٹس لیا۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔ حکومت گرانے کے بعد نئی حکومت کے قیام سے متعلق ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ جب وہ مرحلہ آئے گا تو اس پر بھی فیصلہ کر لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے توجہ اس بات اس پر ہے کہ بہار آئے یا نہ آئے ہم عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازعے میں نہیں پڑنا چاہتے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہی۔ ہمارا انحصار انفرادی شخصیات پر ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے مطابق امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں۔ ہم نے ایمپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی۔ ہم نے ایمپائر سے حکومت کی سپورٹ ختم کرانا تھی۔