اسلام آباد (ٹی این ایس)بشریٰ بی بی نے عمران خان کو جیل میں زہر دینے کا خدشہ ظاہر کردیا

 
0
151

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جیل میں عمران خان کو زہر دیا جاسکتا ہے، ان کے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے۔

بشری بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

سابق خاتون اول نے اپنے وکیل کے ذریعےعدالت میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جیل میں میرے شوہر کو زہر دیئے جانے کاخدشہ ہے۔

بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی جاتی رہی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے عمران خان کو خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ملاوٹ زدہ خوراک ان کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم کو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں جس کے وہ حقدار ہیں، ان کے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک اور ایکرسائز کی سہولت فراہم کی جائے، اور جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے