پشاور(ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والی تھلیسمیا کی مریض 6سالہ ننھی بچی ڈاکٹر منیبہ زاہد کی آئی جی پی سے ملاقات کی خواہش پوری کرتے ہوئے انہیں آج اپنے دفتر میں مدعو کیا۔

 
0
77

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والی تھلیسمیا کی مریض 6سالہ ننھی بچی ڈاکٹر منیبہ زاہد کی آئی جی پی سے ملاقات کی خواہش پوری کرتے ہوئے انہیں آج اپنے دفتر میں مدعو کیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر(اعزازی)منیبہ زاہد نے آئی جی پی کو خط لکھ کر ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔منیبہ زاہد نے خط میں لکھا کہ وہ تھلیسمیا کی مریضہ ہیں اور انکی پانچ بہنیں تھلیسمیا کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر 6 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر چکی ہیں۔ مزید یہ کہ وہ اپنے والدین کی 7ویں اور سب سے چھوٹی اولاد ہیں اور وہ تھلیسمیا سے زندگی کی جنگ لڑرہی ہیں۔انہوں نے خط میں خیبرپختونخوا میں تھلیسمیا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور پہنچنے پر آئی جی پی ڈاکٹر منیبہ زاہد کو اپنے ساتھ اپنے دفتر لے گئے جہاں وہ کچھ دیر آئی جی پی کے ساتھ رہیں۔ڈاکٹر منیبہ زاہد کے والد بھی اس موقع پر موجود تھے۔آئی جی پی اخترحیات خان نے ڈاکٹر منیبہ زاہد سے ان کے مشاغل،پڑھائی اور دیرینہ خواہش کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ڈاکٹر منیبہ زاہد نے آئی جی پی سے خوشگوار موڈ میں بات چیت کی اور انہیں بتلایا کہ اُسے پڑھائی اور نظموں سے بہت شغف ہے۔آئی جی پی نے ننھی بچی کے جذبے اور ہمت کی تعریف کی۔آئی جی پی نے کہا کہ ڈاکٹر منیبہ زاہد ہمارے ننھے بچوں کی نمائندہ ہے چھوٹی گڑیا کی مہمان نوازی سے مجھے بہت خوشی اور دلی سکون حاصل ہوا۔
آئی جی پی نے ڈاکٹر منیبہ زاہد کو نقد انعام اور دیگر تحائف دیئے اور اُن کی صحت یابی کے لئے ڈھیروں دعائیں کیں اور مستقبل میں اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔