اسلام آباد(ٹی این ایس) شبلی فرازکے استعفے سے پارٹی قبضہ مافیا سے آزاد ہوگی،شیر افضل مروت

 
0
141

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے عمر ایوب کے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شبلی فراز سے استعفی کامطالبہ کردیا ہے۔عمر ایوب کے استعفے کے اعلان کے بعد اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے۔ شبلی فراز کے استعفے سے ہی پارٹی قبضہ مافیا کے چنگل سے آزاد ہوگی۔

اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ شبلی فراز کو ہٹایا گیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ پارٹی وقت کی ضرورت کے مطابق اٹھے گی، پارٹی کارکن مجھے میدان میں چاہتے ہیں تو میرے مطالبے کے حق میں آواز بلند کریں۔انہوں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں اور مینڈیٹ کی بازیابی ابھی دور ہے

 

 

، ہماری خواتین اور رہنما جیلوں میں بند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کیلئے متحرک کرنے میں ناکام رہے ہیں، بلے کے نشان اور مخصوص نشستوں سمیت کئی مثالیں ہیں جہاں پارٹی قیادت ناکام رہی۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹیاں فیورٹ پر مشتمل ہوتی ہیں، پارٹی کے فیصلے میرٹ پر نہیں ہوتے۔