چین نے ملتان میٹرو منصوبے میں کسی قسم کی کرپشن نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متذکرہ چینی کمپنی پاکستان میں کام ہی نہیں کر رہی

 
0
466

بیجنگ ،ستمبر 06 (ٹی این ایس) چین نے اعلان کیا ہے کہ چینی کمپنی نے جانگسو یا بائٹی ٹیکنالوجی کو لمیٹیڈ اور پاکستان کی کسی کمپنی یا فرد کے درمیان  کسی قسم کی کوئی غیر قانونی مالی لین دین کا کوئی ثبوت نہیں پایا گیا ہے۔

چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے بدھ کو معمول کی پریس بریفینگ کے دوران کہا ہے کہ 12 مئی کو چین کی سیکیورٹیز ریگیولیٹری کمیشن(سی ایس آر ایس ) نے پبلک نوٹس  جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ چینی کمپنی فراڈی ہے اور اس نے  ستمبر 2015 سے 2016 تک انجینئرنگ سے متعلق سمندر پار جعلی منصوبےظاہر کر کے اپنی آمدن میں اضافہ کیا ہے۔

چینی ترجمان نے کہا سی ایس آر ایس  نے پاکستان حکام کے ساتھ مل کر شفاف تحقیقات کرتے ہوئے پایا کہ اول تو مذکورہ کمپنی  پاکستان میں کام نہیں کر رہی اور دوسرا  ملتان میٹرو منصوبے کے حوالے سے اس نے حکومت پنجاب کی طرف سے جو خط پیش کیا وہ جعلی ہونے کی بنیا د پر مسترد کر دیا گیا ۔چینی ترجمان نے کہا ہے کہ چینی حکومت اس بات  پرکار بند ہے  کہ چینی کمپنیاں بیرون ممالک کام کے دوران قوانین  کی پاسداری کریں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ چینی کمپنی کو سزا دی جائے گی اور اسے منظر عام پر بھی لایا جائے گا۔

اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن لیجیان زھاؤ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں چینی کمپنی کے فراڈ کے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے  کہ مذکورہ کمپنی پاکستان میں سرے سے کام ہی نہیں کر رہی۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک کے تمام منصوبے شفاف ہیں اور کرپشن کو قطعی طو ر پر برداشت نہیں کیا جا رہا ۔