سندھ مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے جامع سفارشات تیار کی جائیں۔ آی جی سندھ کی پولیس حکام کو ہدایت

 
0
424

کراچی،ستمبر 07 (ٹی این ایس)  سندھ میں قائم دینی مدارس میں اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت ایک  اجلاس منعقد ہوا جس  میں جملہ لوازمات کا مختلف حوالوں سے جائزہ لیا گیا اور مزید احکامات صادر کئے گئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹرولی اللہ دل،ڈی آئی جی ہیڈ  کوارٹرزسندھ،ڈی آئی جی فائنانس،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،اے آئی جی آپریشنزسندھ،اے آئی جی ایڈمن سی پی او،اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کے علاوہ اے آئی جی لیگل نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے اجلاس میں شریک پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ صوبے میں قائم تمام دینی مدارس میں اصلاحات کے نفاذ کے حوالے سے جامع سفارشات پرمبنی مسودہ جلد ترتیب دیکر پیش کیا جائے۔۔

شرکائے اجلاس کو ہدایات دی گئ ہیں کہ سندھ دینی مدارس اصلاحات کے  سفارشی مسودے میں درجہ ذیل شرائط کو یقینی بنایاجائے۔

سرکاری اراضی پر مدرسہ کا قیام حکومت سندھ کی اجازت سے مشروط ہوگا

مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق اجازت نامہ رجسٹرار/ ڈویژنل کمشنر جاری کریگا

تصدیق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہوگی

اجازت نامہ کے اجراء سے قبل ذرائع آمدن/مالی امداد کرنیوالوں کی تفصیلات دینا لازمی ہوگا

مدارس کے استاتذہ/معلمین طلباء کے مکمل کوائف لازماً جمع کرانا ہونگے

مہتمم مدرسہ کے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی اور رابطہ نمبر لازمی لیا جائیگا

مدرسہ کے نصاب کی تفصیلات دینا ہونگی

فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل افراد،امن وامان کو سبوتاژ کرنیوالوں کو کسی صورت مدرسہ کے قیام کا اجازت نامہ نہیں دیا جائیگا

واچ لسٹ اقدامات ضلعی ایس ایس پی کی ذمہ داری ہوگی اور وہ بذات خود مدارس کی کڑی نگرانی جیسے امور کو غیرمعمولی بنائیگا

اسسٹنٹ کمشنر متعلقہ مجسٹریٹ کے ہمراہ کسی بھی مدرسہ کا کسی بھی وقت اچانک دورہ کریگا

اجلاس کے دوران مدارس اصلاحات کے حوالے سے دیگر امور کا بھی جائزہ کیا گیا جس پر آئی جی سندھ نے ضروری احکامات دیئے۔