لاہور،ستمبر 07 (ٹی این ایس) وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملتان میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے بارے میں چین کی طرف سے وضاحتی بیان کو پاکستانی عوام اور سچ کی فتح قرار دیا۔
واضع رہے کہ بدھ کے روز چین کی وزارتِ خارجہ نے باقاعدہ طور پر وضاحت کی ہے کہ ملتان میٹرو بس منصوبہ میں کرپشن کے حوالہ سے چین کی جس کمپنی جانگسو یا بائٹی ٹیکنالوجی کو لمیٹڈ کا نام لیا گیا ہے وہ سرے سے پاکستان میں کام نہیں کر رہی اور اس سلسلہ میں چین کی سیکیورٹیز ریگیولیٹری کمیشن(سی ایس آر ایس ) اور اسکی پاکستانی ہم منصب کی طرف سے کی گئی تحقیقات میں پایا گیا ہے کہ جانگسو یا بائٹی ٹیکنالوجی کو لمیٹڈ کیساتھ پاکستان کی کسی کمپنی یا فرد نے کوئی لین دین نہیں کیا اور یہ کہ مذکورہ چینی کمپنی کی طرف سے حکومت پنجاب کا جو خط پیش کیا گیا وہ جعلی ہونے کی وجہ سے مسترد کردیا گیا۔
اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن لیجیان زھاؤ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں چینی کمپنی کے فراڈ کے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کمپنی پاکستان میں سرے سے کام ہی نہیں کر رہی۔
میاں شہباز شریف نے کرپشن کے اس الزام سے بریت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے اتنا ٹھوس پیغام دیا کہ کہ اسکے بعد ہر الزام ختم ہوگیا۔انھوں نے اسے سچ اور 21 کروڑ پاکستایوں کی فتح سے تعبیر کیا۔انھوں نے کہا کہ الزامات لگانے والے کوئی ثبوت سامنے نہیں لاسکے ،جھوٹ بولنے والوں کو ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے ہماری بے گناہی سامنے آگئی ہے۔