شریف خاندان اور اسحاق ڈارکے خلاف چاروں ریفرنسز نیب کو واپس

 
0
345

اسلام آباد ستمبر 12(ٹی این ایس):احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف چاروں ریفرنس اعتراض لگاکر نیب کو واپس کردیے۔
نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز 8 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائے تھے۔
رجسٹرار کی جانب سے ریفرنسز کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور گزشتہ روز اسکروٹنی مکمل کرکے 2 ریفرنس نیب کو واپس بھیجے گئے جن میں خامیوں کا انکشاف ہوا تھا۔
زرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے نیب کو چاروں ریفرنسز میں نشاندہی کی گئی خامیاں دور کرکے دوبارہ ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ بعض دستاویزات کا انڈیکس میں حوالہ موجود ہے مگر ریکارڈ میں شامل نہیں، العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بھی تکنیکی خامیاں سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کیے، شریف خاندان کے خلاف ریفرنس لندن پراپرٹیز اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہے جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا ہے۔
ریفرنسز کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے ایک معزز جج کو نگران بھی مقرر کیا گیا ہے۔