اسلام آباد (ٹی این ایس) آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی تاریخی کامیابی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر ملک بھر میں جشن کا سماں، مختلف شہروں میں عوام نے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
شمالی وزیرستان، باجوڑ، چترال، پشاور، مردان، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، سوات، نوشہرہ، مہمند، اور قلعہ بالا حصار سمیت ملک کے کونے کونے میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ ریلیوں میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور وطن کی خاطر قربانیاں دینے والی افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
لکی مروت میں شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی پرچم لہرا کر اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ عوام نے اللہ کے حضور شکر ادا کرتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔
پشاور کینٹ اور مردان میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منانے کے لیے عوام کا سمندر اُمڈ آیا۔ ریلیوں میں بھارت مخالف اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے گونجتے رہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی شہری “پاک فوج زندہ باد” اور “بھارت مردہ باد” کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے۔
سوات اور نوشہرہ میں عوام نے اپنی بہادر مسلح افواج سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ریلیوں میں قومی جوش و جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
ملک بھر میں ہونے والی ان تقریبات نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور مادر وطن کے دفاع میں پوری قوم یک جان ہے۔