اسلام آباد (ٹی این ایس) خضدار میں اسکول بس پر فتنۃ الہندوستان کے حملے کا ایک اور زخمی طالبعلم چل بسا

 
0
48

اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس)خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا طالب علم حیدر زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے طالبعلم حیدر منگل کو خضدار میں اسکول بس پر فتنۃ الہندوستان کے حملے میں شدید ہوا تھا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبعلم حیدر کی شہادت کے بعد واقعے میں شہید طلبہ و طالبات کی تعداد 5 ہوگئی ہے، شہدا میں 4 طالبات اور ایک طالبعلم شامل ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جبکہ 39 زخمی ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ روز آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم بھی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئی تھی۔

کلر سیداں کے رہائشی صوبیدار سلیم کی شہید بیٹیوں عیشا سلیم اور سحر سلیم کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کی گئی، جس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور علاقہ معززین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حملے میں شہید طالبہ حفصہ کوثر کو اوکاڑہ اور ثانیہ سومرو کو رحیم یار خان میں سپرد خاک کردیا گیا، شہید طالبات کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے جوانوں، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہل علاقہ و عزیز و اقارب نے شرکت کی، نماز جنازہ پر علاقوں کی فضا سوگوار اور ہرآنکھ اشک بار تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے لیے ہندوستان اپنی پراکسیوں کا استعمال کر رہا ہے، ان معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور انکے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائے گا۔