اسلام آباد (ٹی این ایس) الیکشن کمیشن کی جانب سے بے ضابطگیوں کی شکایات پر نوٹس لینے کے بعد مرکزی جمیعت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی امیر کا انتخاب خطرے میں پڑ گیا۔
پروفیسر ساجد میر کی وفات سے خالی ہونے والے امیر کے عہدے کا انتخاب 25 مئی کو ہونا تھا، امارت کے امیدوار ڈاکٹر زعیم الدین لکھوی نے الیکشن کمیشن کودی گئی درخواست میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی تھی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی دستور کے مطابق الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ، نیا الیکشن بورڈ بننے تک امیر کے عہدے پر انتخاب کرانا خلاف قانون ہے۔ پارٹی دستور کے تقاضے پورے ہونے تک الیکشن منسوخ کیا جائے۔درخواست گزار کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے قائم مقام امیر مولانا ابو تراب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج طلب کر لیا۔یاد رہے کہ امارت کے عہدے کے لیے حافظ عبدالکریم اور ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی میں مقابلہ ہے۔