پشاور (ٹی این ایس) خیبرپختونخوا سینیٹ ضمنی انتخاب: پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی

 
0
55

پشاور (ٹی این ایس):خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خواتین کی مخصوص نشست پر ضمنی انتخاب کل بروز جمعرات منعقد ہو گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس دوران پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم سیاسی مفاہمت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں باہمی تعاون پر اتفاق کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کے حق میں اپنی امیدوار راحیلہ خان کو دستبردار کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری شجاع خان نے راحیلہ بی بی کے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت دونوں جماعتیں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ثوبیہ شاہد کی حمایت کریں گی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اس سے قبل سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی امیدوار روبینہ خالد کی حمایت کی تھی، اور اب یہ تعاون کے بدلے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل کل صبح 9 بجے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال میں شروع ہو گا۔ جاری کردہ حتمی فہرست کے مطابق کل 9 امیدوار میدان میں ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد، پیپلزپارٹی کی راحیلہ بی بی (جنہوں نے دستبرداری اختیار کر لی) شامل ہیں۔ جمیعت علماء اسلام سے شازیہ، اور پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیں گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی پلان مکمل کر لیا گیا ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔