اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد میں موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کی ایڈوائزری جاری

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد کے محکمہ صحت نے موسمی انفلوئنزا کے ابتدائی کیسز اور کمیونٹی میں بڑھتی ہوئی منتقلی کے پیش نظر احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ رشیدہ بتول کے مطابق صورتحال کے پیش نظر نگرانی کو مؤثر بنانے اور بروقت حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

موسمی انفلوئنزا کھانسی، چھینک، سانس کی بوندوں اور آلودہ سطحوں کے ذریعے پھیلتا ہے، جبکہ بزرگ افراد، پانچ سال سے کم عمر بچے، حاملہ خواتین، دائمی امراض کے مریض اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد زیادہ خطرے میں ہیں۔

 

ڈاکٹر سیدہ رشیدہ بتول نے شہریوں کو ہاتھوں کی صفائی، ہجوم میں ماسک کے استعمال، مناسب ہوا داری، بیمار افراد سے فاصلہ رکھنے اور بخار، کھانسی، سانس میں دشواری یا سینے میں درد کی صورت میں فوری طبی معائنہ کروانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے خطرے سے دوچار افراد اور طبی عملے کو موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی بھی تلقین کی ہے۔