ہری پور (ٹی این ایس) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کا ٹراما سنٹر اور زیرِ تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ

 
0
4

ہری پور (ٹی این ایس) ہری پور میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے ٹراما سنٹر اور زیرِ تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال (ویمن اینڈ چلڈرن کمپلیکس) کا اچانک دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے ٹراما سنٹر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامات پر بریفنگ حاصل کی۔

دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے گزشتہ سات برس سے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی عمارت مکمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ زیرِ تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کو ہر صورت 28 فروری تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کی تعمیر کو بروقت مکمل کرنے کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے ہمراہ کمشنر ہزارہ سید فیاض علی شاہ، ڈپٹی کمشنر ہری پور، ڈی پی او ہری پور، ایکس ای این سی اینڈ ڈبلیو، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال منور آفریدی، ڈی ایچ او ڈاکٹر محسن رضا، انچارج ٹراما سنٹر ڈاکٹر ہارون، انچارج ریسکیو 1122، سیکرٹری یوسف ایوب خان، خالد خان اور دیگر متعلقہ افسران و عملہ موجود تھا۔

چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو ہدایت کی کہ جمعرات کو تمام متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کر کے زیرِ تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی فوری تکمیل کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کر کے ان کے دفتربجمع کروائی جائے، تاکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔