راولپنڈی (ٹی این ایس) راولپنڈی ریجن میں سال 2025 کے دوران حاصل کیے گئے اہداف کی جامع کارکردگی رپورٹ جاری

 
0
14

راولپنڈی (ٹی این ایس) (مظہر شاہ)راولپنڈی ریجن میں سال 2025 کے دوران حاصل کیے گئے اہداف کی جامع کارکردگی رپورٹ جاری، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کی قیادت میں راولپنڈی ریجن پولیس نے سال 2025 کے دوران جرائم کے تدارک، عوامی سہولیات، پولیس ویلفیئر اور ادارہ جاتی اصلاحات کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی ریجن کے پانچوں اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم،چکوال اور مری کی پولیس نے مؤثر حکمت عملی، جدید پولیسنگ اور مربوط آپریشنز کے ذریعے گزشتہ سال کی نسبت جرائم میں خاطر خواہ کمی کی ہے۔ سال 2025 میں ڈکیتی معہ قتل کے مقدمات میں 52 فیصد، ڈکیتی کے مقدمات میں 43 فیصد، گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 37 فیصد اور رابری کے مقدمات میں 25 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو کہ راولپنڈی ریجن پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران راولپنڈی ریجن میں 100 فیصد کرائم پاکٹس کا مکمل خاتمہ کیا گیا، جبکہ انتہائی مطلوب کیٹگری“اے”کے 52 فیصد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔ اغواء کے تمام مقدمات میں مغویان کو بحفاظت بازیاب کروانا ریجن پولیس کی ایک اور بڑی کامیابی ہے۔عوامی سہولت اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے سال 2025 میں ریجنل دفتر اور اس کے زیر استعمال مختلف دفاتر، جو انتہائی مخدوش حالت میں تھے، کی تزئین و آرائش کروائی گئی تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور باوقار ماحول میسر آ سکے۔پولیس فورس کی ویلفیئر کے حوالے سے آر پی او راولپنڈی نے بتایا کہ سال 2025 میں شہداء پولیس کی فیملیز اور غازی پولیس افسران سے ملاقاتیں کر کے ان کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنایا گیا۔ مزید برآں پولیس شہداء کی فیملیز، پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف ہسپتالوں، لیبارٹریز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ رعائتی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔علاقائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع چکوال میں سٹریٹ کرائم کے مؤثر تدارک کے لیے فالکن سکواڈ تشکیل دیا گیا، جبکہ ضلع جہلم میں خواتین پولیس اہلکاروں کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم کیا گیا، جو پولیس ویلفیئر کے عملی اقدامات کا مظہر ہے۔شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے سال 2025 میں پورے ریجن میں 113 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جن کے ذریعے شہریوں کی شکایات سن کر ان کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ اسی طرح پولیس افسران و اہلکاروں کی مختلف سزاؤں کے خلاف دائر کی گئی 1311 اپیلوں کی سماعت کر کے میرٹ پر فیصلے کیے گئے۔پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سال 2025 میں 210 ہیڈ کانسٹیبلان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی۔آخر میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ راولپنڈی ریجن پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے مکمل خاتمے اور ایک مثالی پولیسنگ نظام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں اسی جذبے، دیانت اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔