کراچی (ٹی این ایس) بی وائی ڈی۔ ایم ایم سی نے کراچی میراتھون کے فاتحین کو لندن میراتھون میں ملک کی نمائندگی کیلئے اسپانسرکرنے کا اعلان کردیا

 
0
26

کراچی (ٹی این ایس) بی وائی ڈی۔ ایم ایم سی نے کراچی میراتھون کے فاتحین کو لندن میراتھون میں ملک کی نمائندگی کیلئے اسپانسرکرنے کا اعلان کردیا پاکستان میں بی وائی ڈی (بی وائی ڈی) کی آفیشل پارٹنر میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے پاکستان کے نمایاں رنرز کو لندن میراتھن 2026 میں ملک کی نمائندگی کے لیے اسپانسر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا اعلان بی وائی ڈی کراچی میراتھون کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 7000سے زائد ایتھلیٹس نے شرکت کی، جبکہ 25 سے زائد ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے 120 سے زائد بین الاقوامی رَنرز نے بھی اس میراتھون میں حصہ لیا۔

مردوں کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے جناب اسرار خٹک نے ریس2گھنٹے 39منٹ میں مکمل کی، جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں محترمہ سارہ لودھی نے 3گھنٹے 33منٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ دونوں ایتھلیٹس پاکستان کے پہلے ورلڈ ایتھلیٹکس کے سندیافتہ لانگ ڈسٹنس رَننگ ایونٹ کے چیمپیئن قرار پائے۔ اس موقع پر مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات بھی دیئے گئے، جن میں پہلی پوزیشن کیلئے 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن کیلئے 1 لاکھ 25 ہزار روپے شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی وائی ڈی پاکستان – ایم ایم سی کے وائس پریزیڈنٹ سیلز اینڈ اسٹریٹجی دانش خالق نے کہا، ”یہ پاکستان کے لیے فخر کا مقام ہے کیونکہ کراچی نے آج دنیا کے ممتاز رَننگ ایونٹس کی صف میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ ہمیں ان تمام ایتھلیٹس پر بھی فخر ہے جنہوں نے اس میراتھون میں حصہ لے کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بی وائی ڈی دنیا کا نمبر ایک نیو انرجی ویہکلز (NEV) برانڈ ہونے کے طور پر، ایک پائیدار اور ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا وژن رکھتا ہے جو میراتھون رَننگ کے جذبے سے بھی ہم آہنگ ہے۔ اسی مشترکہ سوچ کے تحت ایم ایم سی کو اپنے اس عمل پر فخر ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں اور پرجوش افراد کی حوصلہ افزائی کررہا ہے تاکہ پاکستان کے عزم اور استحکام کو دنیا کے سامنے پیش کرسکے۔ ”

اس شراکت داری پر سی ای او اسپورٹس اور کراچی میراتھون کے ریس ڈائریکٹر شعیب نظامی نے کہا، ”یہ اس نوعیت کے ایونٹ کی میزبانی کا ہمارا تیسرا سال ہے، اور بی وائی ڈی کے تعاون سے ہم اسے ایک نئے معیار تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ ہم ملک بھر میں سوشل رنز، ڈیجیٹل مہمات اور ڈیلرشپ سرگرمیوں کے ذریعے رَننگ کمیونٹی کو یکجا کرنے میں بی وائی ڈی کے کردار کو دل سے سراہتے ہیں، جس نے پورے ملک میں اس کھیل کو فعال بنانے میں مدد کی۔ ہمیں امید ہے کہ یہ طویل المدتی شراکت داری میراتھون رَننگ کو ایک مقبول اور مرکزی کھیل بنانے میں مدد دے گی اور اسے وہ پہچان دلائے گی جس کی یہ حق دار ہے۔ “

بی وائی ڈی مقامی ٹیلنٹ کی سرپرستی کی روایت کو آگے بڑھانے پر کاربند ہے جس کی جھلک پہلے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتھ شراکت داری میں نظر آئی اور اب ایم ایم سی اور کراچی میراتھون اشتراک کی شکل میں مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی سامنے آئی۔ یہ پلیٹ فارم محض اسپانسرشپ تک محدود نہیں بلکہ کمپنی کا مقصد عزم، جسمانی و ذہنی صحت کے فروغ کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا، ابھرتے ہوئے ایتھلیٹس کو آگے بڑھنا، سیکھنااور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ اقدام ویژن 2032 سے ہم آہنگ ہے، جس کا ہدف پاکستانی رَنرز کو اولمپکس کے لیے کوالیفائی اور مقابلے کے لئے تیار کرنا ہے۔ بی وائی ڈی–ایم ایم سی مقامی ایتھلیٹس کی بے پناہ صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے پرعزم ہے۔ اس کا مقصد نئی نسل کو یہ یقین دلانا ہے کہ انکا ہر قدم پاکستان کو ترقی کی مزید بلندیوں کی طرف لے جا سکتا ہے۔