اسلام آباد (ٹی این ایس) جی ڈبلیو ایم نے پاکستان میں ہیول ایکسپیرینس اسلام آباد فلیگ شپ ڈیلرشپ پر ٹینک 500 لانچ کر دیا

 
0
11

اسلام آباد۔26جنوری (ٹی این ایس) :گریٹ وال موٹر (جی ڈبلیو ایم) نے پاکستان میں اپنی ہیول ایکسپیرینس اسلام آباد فلیگ شپ ڈیلرشپ پر اپنی جدید اور پریمیم آف روڈ سپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) ٹینک 500 باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے جو ملکی آٹو موٹو مارکیٹ میں کمپنی کی توسیع کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔کمپنی کے مطابق جنوری 2026 میں لانچ کی جانے والی ٹینک 500 کو ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (ایچ ای وی ) اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (پی ایچ ای وی ) کے دو جدید ویرینٹس میں پیش کیا گیا ہے۔

لگژری فل سائز ایس یو وی کے طور پر متعارف کرائی گئی ٹینک 500 میں طاقتور ہائبرڈ پاور ٹرین، جدید فور ویل ڈرائیو سسٹم، جدید ڈیزائن اور اعلیٰ معیار کی اندرونی سہولیات شامل ہیں جو آف روڈ کارکردگی کے ساتھ ساتھ آرام اور جدید ٹیکنالوجی کے خواہشمند صارفین کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔جی ڈبلیو ایم کے مطابق ٹینک 500 کی بکنگز رواں ماہ کے آخر میں شروع کی جائیں گی جبکہ گاڑیوں کی ڈیلیوری آئندہ چند ماہ میں متوقع ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، ایندھن کی بچت اور پریمیم ایس یو ویز کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر یہ لانچ ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جنرل منیجر ریحان ظفر نے کہا کہ ہیول ایکسپیرینس اسلام آباد فلیگ شپ ڈیلرشپ پر ٹینک 500 کی لانچنگ پاکستان میں جی ڈبلیو ایم کے لئے ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پریمیم ایس یو وی عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار موبیلٹی سلوشنز کی فراہمی کے لئے کمپنی کے عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹینک 500 کو پاکستانی صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جو لگژری، اعلیٰ کارکردگی اور آف روڈ صلاحیت کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت بھی چاہتے ہیں۔

جی ڈبلیو ایم کا کہنا ہے کہ ٹینک 500 کی فلیگ شپ ڈیلرشپ نیٹ ورک کے ذریعے متعارف کرانے سے کمپنی کا مقصد پاکستان کے پریمیم ایس یو وی سیگمنٹ میں مؤثر مقابلہ کرنا اور ملکی آٹو موٹو صنعت میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔