اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 کا آغاز, افتتاح وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر برائے سیاحت نے کیا

 
0
4

اسلام آباد (ٹی این ایس) :وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے زیر اہتمام پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، صوبائی محکمہ جاتِ سیاحت اور سرکاری و نجی شعبے کے شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 کا آغاز ہو گیا۔ فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ایف۔9 پارک میں ہواجہاں ٹینٹ پیگنگ کے مقابلوں کا افتتاح وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کیا۔ اس موقع پر ترکیہ، انڈونیشیا، نیپال، نائجیریا، ایران، ترکمانستان، آذربائیجان، ازبکستان، عراق اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سفارت کاروں اور ثقافتی نمائندوں نے شرکت کی جو بین الاقوامی دلچسپی اور ثقافتی تبادلے کی بھرپور عکاسی ہے دوپہر کے وقت تقریبات جناح سپورٹس کمپلیکس منتقل ہوئیں جہاں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے اشتراک سے ربن کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کا افتتاح سردار یاسر الیاس خان نے عالمی سفارت کاروں اور مہمانوں کے ہمراہ کیا۔بعد ازاں مہمانوں اور وفود نے فیسٹیول کے مختلف حصوں اور تھیم زونز کا دورہ کیا جن میں فیملی ایرینا، کڈز ایرینا، فوڈ ایرینا، ثقافتی ودستکاری اسٹالز، میڈیکل ٹورازم پروموشن زون اور صوبائی سیاحتی پویلینز شامل تھے۔ تمام صوبائی محکمہ جاتِ سیاحت اور سیاحت سے وابستہ اداروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی متنوع سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ ایڈونچر اور تفریحی سرگرمیوں نے فیسٹیول کی رونق میں مزید اضافہ کیا، پیراگلائیڈنگ کے مظاہرے اور ہاٹ ایئر بیلون کی نمائش نے ماحول کو رنگا رنگ اور مزید خوبصورت بنا دیا۔ پنجاب ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ٹی ڈی سی پی) کی جانب سے ڈبل ڈیکر بسوں میں مہمانوں کی آمد نے بھی دن کی تقریبات کو مزید یادگار بنا دیا۔فیسٹیول کے پہلے دن کا اختتام شاندار ثقافتی اور موسیقی کی پرفارمنسز پر ہواجس میں مونال ڈانس گروپ کی پرفارمنس اور میوزیکل کنسرٹ شامل تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کی مربوط اور مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول پاکستان کو ایک خوش آمدید کہنے والے اور ثقافتی طور پر مالا مال سیاحتی ملک کے طور پر مؤثر انداز میں اجاگر کرتا ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت اور جوش و خروش اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ملکی سیاحت اور ثقافتی سرگرمیوں میں عوامی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہےاور یہ فیسٹیول پاکستان کی ایک مثبت، متحرک اور پرکشش تصویر پیش کرنے میں کامیاب ثابت ہو گا۔پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول اتوار کو بھی جاری رہے گاجس میں ثقافتی پرفارمنسز، کھیلوں کی سرگرمیاں، فیملی تفریح اور سیاحتی پروموشن شامل ہوں گی۔