اسلام آباد (ٹی این ایس) – 10 فروری 2026 اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (یو این ڈبلیو ایف پی) کی کنٹری ڈائریکٹر مس کوکو یوشیاما نے آج اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور انسانی ہمدردی کے تحت جاری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت نے ملک کے سماجی تحفظ کے پروگراموں اور ہنگامی امداد کی فراہمی میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مس کوکو یوشیاما نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ اپنی تنظیم کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول بالخصوص غذائیت کی کمی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور معاشی چیلنجز کے تناظر میں فوڈ سپلائی چین کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔













