اسلام آباد (ٹی این ایس) ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے 53ویں بنیادی ایوی ایشن سیکیورٹی کورس اور 33ویں آفیسر بیسک ایوی ایشن سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب نیشنل اکیڈمی فار ایوی ایشن سیکیورٹی، کراچی میں منعقد ہوئی۔ ان کورسز میں مجموعی طور پر 790 نئے بھرتی شدہ مرد و خواتین ریکروٹس اور افسران نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی دورانِ تربیت ریکروٹس کو نہ صرف ایوی ایشن سیکیورٹی کی بنیادی تربیت جدید اور مؤثر طریقۂ کار پر دی گئی بلکہ انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر سخت اور کٹھن مراحل سے گزارا گیا تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی یا غیر معمولی صورتِ حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بن سکیں تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد علی، ہلالِ امتیاز (ملٹری) تھے۔ ان کی آمد پر پریڈ دستے نے انہیں جنرل سلامی پیش کی۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس، میجر جنرل شعیب بن اکرم، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، تمغۂ بسالت کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینیز میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے ملکی ہوائی اڈوں پر فول پروف سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور فورس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نوجوان ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی افرادی قوت میں ایک مثبت اور مؤثر اضافہ ثابت ہوں گے مہمانِ خصوصی نے مزید کہا کہ ایوی ایشن سیکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے پیشِ نظر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی جامع اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے افسران اور جوانوں کے لیے قائم کیے گئے جدید میڈیکل سینٹر کا افتتاح بھی کیا













