اسلام آباد میں کالعدم دہشت گردتنظیم داعش کے جھنڈے،وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی نوٹس لے لیا ، آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی

 
0
1671

اسلام آبادستمبر 24( ٹی این ایس)وفاقی دارلحکومت اسلا م آباد میں کالعدم دہشتگردتنظیم داعش کے جھنڈے لہرادیے گئے،جھنڈوں پر’’خلافت آرہی ہے‘‘ کے نعرے درج تھے،وزیر داخلہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی جبکہ حساس اداروں نے جھنڈے اتار کر تحقیقات شروع کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز اسلام آبادایکسپریس وے پرداعش کے جھنڈے لگادیے گئے۔جھنڈوں کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے جھنڈے اتارلیے ہیں۔جھنڈوں پرداعش کا لوگواور نعرے درج تھے جس پر کلمہ طیبہ لکھا گیا ہے اور ’’خلافت آرہی ہے‘‘ کے نعرے درج تھے ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جھنڈے لگانے سے متعلق تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔دوسری جانب سے معاملے کی اطلاع ملتے ہی وزارت داخلہ میں کھلبلی مچ گئی ، وزارت حکام نے فوری طور پر وزیر داخلہ احسن اقبال کو بذریعہ فون اطلاع دی جس پر وزیر داخلہ نے حساس اداروں اور پولیس کو فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا جبکہ آئی جی اسلام آباد معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔