رحیم یارخان (ٹی این ایس) معروف بزنس مین عمران شوکت مہاندرہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یارخان کی دن رات محنت اور ذاتی دلچسپی کے باعث کچہ کے علاقے کو کلئیر کروانے کے بعد وہاں کے عوام کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ایک تاریخی اقدام ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچہ کے علاقے کے لیے ایک ہزار نوکریوں، ریسکیو سروس، سکول و کالجز اور سڑکوں جیسے اہم منصوبوں کی منظوری نہ صرف اہم پیش رفت ہے بلکہ یہ علاقہ مکینوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری بھی ہے۔عمران شوکت مہاندرہ نے کہا کہ ان منصوبوں سے کچہ کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع رحیم یارخان کی تاریخ میں محسنِ رحیم یارخان چوہدری منیر ہدایت اللہ نے ہمیشہ عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں اور روزگار کے مواقع کی فراہمی سے کچہ کے علاقے میں ترقی کا ایک نیا باب رقم ہوگا اور عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔ عمران شوکت مہاندرہ نے اس پیش رفت کو رحیم یارخان کے عوام کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو مزید فروغ ملے گا۔













