اسلام آباد (ٹی این ایس) ارلی چائلڈ ہُڈ ڈیولپمنٹ میں سرمایہ کاری, ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بچوں کی ابتدائی تعلیم ان کی مضبوط بنیاد ہے، اسے معیاری بنانا ناگزیر ہے: ڈاکٹر نیاز احمد اختر

 
0
4

اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت قومی ترقی کی اساس ہے۔ ان کے مطابق، ابتدائی عمر میں معیاری تعلیم اور مثبت تربیت بچوں کی شخصیت سازی، ذہنی نشوونما اور مستقبل کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری درحقیقت ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے جس کے مثبت اثرات طویل مدت تک نمایاں رہتے ہیں۔وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”ارلی چائلڈ ہُڈ ڈیولپمنٹ” کے موضوع پر منعقدہ پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم ان کی زندگی کی بنیاد ہوتی ہے اور اس بنیاد کو جتنا مضبوط اور معیاری بنایا جائے گا، بچے اتنے ہی اعتماد کے ساتھ اگلے تعلیمی مراحل میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی دس سال بچوں کی ذہنی، سماجی اور جذباتی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں، اس لیے اس عرصے میں معیاری تعلیم اور مثبت تربیت فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔وفاقی وزیر اور ایچ ای سی کے چئیرمین نے اس اہم موضوع پر منتظمین بالخصوص علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو مبارکباد پیش کیں۔کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین تعلیم، محققین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی اور بچوں کی ابتدائی تعلیم کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں ابتدائی تعلیم کے شعبے کو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، خصوصاً دیہی اور پسماندہ علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر جدید تدریسی طریقوں، اساتذہ کی تربیت، اور والدین کی شمولیت کو بھی اہم قرار دیا گیا۔کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ارلی چائلڈ ہُڈ ڈیولپمنٹ کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ بچوں کو ایک بہتر اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔کانفرنس کا اہتمام وزرت منصوبہ بندی و ترقی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، روپانی فاؤنڈیشن، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہڈ اور یونیسف نے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ڈائریکٹر، پاکستان الائنس فار ارلی چائلڈ ہڈ ڈیولپمنٹ، ڈاکٹر نعیم ظفر نے کانفرنس پر ایک جامع اوورویو رپورٹ پیش کی۔ اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کانفرنس کی سفارشات پیش کیں جبکہ رپانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین، نصرالدین رپانی نے افتتاحی کلمات (ویلکم نوٹ) پیش کیا۔منتظمین نے ابتدائی بچپن کی نشوونما کے فروغ کے لیے باہمی اشتراک کو مزید مستحکم اور جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اشتراکی اقدامات بچوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مزید برآں، انہوں نے تمام شراکت دار اداروں اور پارٹنرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کاوشیں ممکن ہو سکیں۔