اسلام آباد (ٹی این ایس) محفوظ اسلام آباد کی جانب مضبوط اور مربوط اقدامات جاری

 
0
6

اسلام آباد (ٹی این ایس) محفوظ اسلام آباد کی جانب مضبوط اور مربوط اقدامات جاری۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 597 سرچ آپریشنز،57ہزار961 افراد، 25ہزار سے زائد گھرانوں اور ہزاروں گاڑیوں و دکانوں کی چیکنگ عمل میں لائی گئی،3,383 مشکوک افراد تھانہ جات منتقل کیے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں،اس سلسلے میں سال 2026 کے پہلے سہ ماہی کے دوران اسلام آبا دپولیس نے مجموعی طور پر 597 کومبنگ سرچ آپریشنز کیے، یہ سرچ آپریشنز ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی سپر ویژن جبکہ متعلقہ زونل ایس پیز کی زیر نگرانی انجام دئیے گئے، سرچ آپریشنز میں انسداد دہشتگردی دیپارٹمنٹ ،تھانہ جات کی نفری ،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت لیڈیز پولیس نے حصہ لیاتاکہ چیکنگ کے عمل کو مزید موثر اور جامع بنایا جا سکے،ان بلاتفریق سرچ آپریشنز کے دوران 57ہزار961افراد اور 25 ہزار سے زائد گھرانوں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 6ہزار 871 دکانوں اور 2ہزار 188 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا، مزید برآں 19ہزار343 موٹر سائیکلوں اور 6ہزار 884 گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی،سرچ آپریشنز کے دوران 3ہزار383 مشکوک افراد، جن میں 362 غیرقانونی مقیم افغان باشندے بھی شامل ہیں کو حراست میں لے کر مزید جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا، اس کے علاوہ 109 گاڑیاں اور 1ہزار751 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں،اسلام آباد پولیس کی جانب سے “اسلحہ سے پاک اسلام آباد” مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بلا تفریق کریک ڈاﺅن عمل میں لایا گیا، ان کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 کلاشنکوف، 4 رائفلز، 8 بندوقیں، مختلف بور کے 64 پستول، 6 خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا،اسی طرح “نشہ اب نہیں” مہم کے تسلسل میں وفاقی دارالحکومت میں منشیات فروشوں کیخلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 5 کلوگرام چرس، 6 کلوگرام ہیروئن، 5 کلوگرام آئس اور 87 بوتل شراب برآمد کی گئی،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، کومبنگ آپریشنز کا مقصد جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس پوری پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے اور شہریوں کے تعاون سے ہی پائیدار امن ممکن ہے،شہری چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار- 15پردیں۔