اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد میں ون ڈش پالیسی پر سختی، ضلعی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ

 
0
6

اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک سے زائد بار ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے مارکی مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ مارکی کو فوری طور پر سیل کرنے اور مالکان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق سیل شدہ عمارت کے اندر کسی بھی قسم کا ایونٹ منعقد کرنے کی صورت میں نہ صرف گرفتاری عمل میں لائی جائے گی بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پولیس کو واضح ہدایت جاری کی ہے کہ گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ ون ڈش پالیسی پر مکمل عملدرآمد ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کروانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

ڈی سی اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی تفریق کے بغیر تمام مارکیز کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کریں تاکہ قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔