اسلام آباد (ٹی این ایس) پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کارروائیوں میں 33 ملزمان گرفتار 17 اشتہاری مجرمان و عدالتی مفروران بھی شامل، منشیات، غیر قانونی اسلحہ معہ ایمونیشن اور خنجر برآمد، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات کی روشنی میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام کے لیے اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 33ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 17اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران بھی شامل ہیں۔غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مختلف بور کے چھ پستول معہ ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد کیا گیا۔ اسی طرح منشیات فروشی میں ملوث نو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1,385گرام آئس، 1,015گرام ہیروئن، 845گرام چرس اور شراب کی 20 بوتلیں برآمد کی گئیں۔


















