راولپنڈی (ٹی این ایس) تھانہ سٹی میں ایس ایچ او رانا عبدالرحمن کی نمایاں کارکردگی، قتل کے ملزم سمیت درجنوں جرائم پیشہ عناصر گرفتار، لاکھوں روپے کا مسروقہ مال برآمد
تھانہ سٹی کے سب انسپکٹر/ایس ایچ او رانا عبدالرحمن نے یکم جنوری 2026ء سے 15 جولائی 2026ء کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کارکردگی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اندھے قتل کا معمہ محض 48 گھنٹوں میں حل کرنے، ڈکیت و چور گینگز کی سرکوبی، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن سمیت متعدد اہم کامیابیاں اپنے نام کیں۔
کارکردگی رپورٹ کے مطابق تھانہ سٹی میں درج مقدمہ نمبر 335، مورخہ 26 جون 2026ء، بجرم دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان، کی تفتیش کے دوران ایس ایچ او رانا عبدالرحمن اور ان کی ٹیم نے جدید تفتیشی طریقوں اور سائنسی شواہد کی مدد سے صرف 48 گھنٹوں میں اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ مکمل چالان عدالت میں بھی پیش کر دیا گیا۔
ڈکیت و چور گینگز کے خلاف کارروائیوں میں دو خطرناک گینگز کے چار ملزمان گرفتار کیے گئے، جن سے نو مقدمات ٹریس ہوئے۔ ملزمان کے قبضے سے دو پسٹل، نو روند، ایک سوزوکی کار، ایک کیری ڈبہ، ایک رکشہ، 13 موٹر سائیکلیں، قیمتی کیبل، دیگر مسروقہ سامان اور 13 ہزار 600 روپے نقد برآمد کیے گئے۔ برآمد شدہ املاک کی مجموعی مالیت 31 لاکھ 63 ہزار 600 روپے بتائی گئی ہے۔
امن و امان کے قیام کے لیے اشتہاری مجرمان کے خلاف بھی بھرپور مہم چلائی گئی، جس کے دوران مجموعی طور پر 18 اشتہاری گرفتار کیے گئے، جن میں کیٹیگری “A” کے 3، کیٹیگری “B” کے 13 اور روبکار کے ذریعے مطلوب 2 اشتہاری شامل ہیں۔ علاوہ ازیں دفعہ 54 ضابطہ فوجداری کے تحت 23 سابقہ ریکارڈ یافتہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش کی گئی۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 37 مقدمات درج کرکے 37 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 110 گرام ہیروئن، 6080 گرام چرس، 312 لیٹر شراب اور 211 گرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 8 مقدمات درج کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن سے 6 پسٹل/ریوالور، ایک گن/رائفل، ایک خنجر اور 76 روند برآمد ہوئے۔
پولیس نے امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 107/150 اور 107/151 کے تحت 23 انسدادی کارروائیاں بھی عمل میں لائیں۔ پتنگ بازی کے خلاف 18 مقدمات درج کرکے 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 108 پتنگیں اور 19 کیمیکل ڈوریں برآمد کی گئیں۔
قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 12 جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزمان سے داؤ پر لگی 2 لاکھ 40 ہزار 780 روپے نقد رقم اور تقریباً 4 لاکھ روپے مالیت کے 10 موبائل فونز برآمد کیے گئے، جبکہ برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت 6 لاکھ 40 ہزار 780 روپے رہی۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے ایس ایچ او رانا عبدالرحمن اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایسی مؤثر کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔













