اسلام آباد (ٹی این ایس) سید علی ناصر رضوی کا محکمانہ امور و تفتیش کے نظام میں مزید بہتری، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت اور کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ ۔ آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی اور تفتیشی معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محکمانہ امور، تفتیشی نظام میں مزید بہتری، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت، مقدمات کے بروقت یکسو ہونے اور مجموعی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ تفتیشی عمل کو مزید مو¿ثر، شفاف اور پیشہ ورانہ بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ التوا مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد نمٹایا جائے اور ہر کیس کی تفتیش جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائے۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی لیگل طاہر کاظم اور ایس پی کمپلینٹس/صدر زون خالد محمود اعوان کے ساتھ بھی ایک اہم اجلاس کیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے قانونی امور، شہریوں کی شکایات کے مو¿ثر اور بروقت ازالے، عوامی خدمت کے معیار میں مزید بہتری، شفافیت، جوابدہی اور پیشہ ورانہ پولیسنگ سے متعلق اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے، جبکہ پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بعد ازاں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے ہمراہ اسلام آباد پولیس کی مصالحتی کمیٹی (ADRC) کے چیئرمین طیب نواز ملک سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہریوں کے باہمی تنازعات کے بروقت، منصفانہ اور پرامن حل، مصالحتی نظام کو مزید مو¿ثر بنانے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ متبادل تنازعاتی حل (ADRC) کا موثر نظام نہ صرف شہریوں کو فوری اور آسان انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ معاشرے میں باہمی ہم آہنگی، اعتماد، برداشت اور پائیدار امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس عوامی خدمت، شفافیت، انصاف کی بروقت فراہمی اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید مو¿ثر انداز میں جاری رکھے گی۔
















