اسلام آباد اکتوبر 04 (ٹی این ایس): مورخہ 04 اکتوبر 2019 کو مرزا شاہد سلیم بیگ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب اچانک دورہ پر جیل ہذا پر تشریف لائے۔ جیل پہنچنے پر سپرنٹنڈنٹ جیل ثاقب نذیر چوہدری اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے خواتین وارڈ، کچن اسیران، جیل ہسپتال ، بی کلاس اور تمام بیرکس کا دورہ کیا، اسیران کے مسائل سنے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ معزز مہمان ہسپتال میں داخل اسیران کو ملے اور انتظامیہ کی جانب سے مریضان کو مہیا کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نو عمر وارڈ میں وویمن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام چلنے والی الیکٹریکل، ٹیلرنگ اور کمپیوٹر کلاسز کا معائنہ کیا۔ اسی طرح ٹیوٹا کی طرف سے وویمن وارڈ میں قائم بیوٹیشن اور ڈومیسٹک ٹیلرنگ کلاس کا بھی معائنہ کیا۔
مرزا شاہد سلیم بیگ نے جیل کے اندر اسیران کو دیا جانے والا کھانا چیک کیا اور کھانے کے معیار کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ جیل کے اندر مقید اسیران کو فلٹر شدہ پانی فراہم کرنے، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور اسیران کو دی جانے والی طبی و دیگر سہولیات پر جیل انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔