سی ڈی اے ماضی میں ریونیو میں اضافے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر ازسر نو کام کر رہا ہے جو گذشتہ کئی برسوں سے التواء کا شکار تھے

 
0
317

اسلام آباد اکتوبر 04 (ٹی این ایس): سی ڈی اے بتدریج اپنی مالی حیثیت کو مستحکم کر رہا ہے۔ اس ضمن میں مختلف ایونیوز سے ادارے کے ریونیو میں اضافے کے لیے کاوشیں جاری ہیں تاکہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ اس سلسلے میں ماضی میں ریونیو میں اضافے کے لیے اٹھائے جانے والے ان اقدامات پر ازسر نو کام کیا جا رہا ہے جو گذشتہ کئی برسوں سے التواء کا شکار تھے۔
سی ڈی اے کے مالی استحکام کے لیے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے مسلسل کاوشوں کے بعد فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی سے 59 فلیٹوں کا قبضہ حاصل کر لیا۔ تقریباً ایک ارب روپے مالیت کے یہ فلیٹ اسلام آباد کے سیکٹر G-11/3میں تعمیر کئے گئے تھے۔ سیکٹر G-11/3 میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے کل 96 فلیٹ تعمیر کئے گئے جن میں 36 فلیٹ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے فروخت کر دیئے تھے جبکہ باقی 60 فلیٹ کا قبضہ سی ڈی اے کو دے دیا ہے۔ ان فلیٹوں کو سی ڈی اے کے حوالے کرنے سے متعلق مختلف امور پر ماضی میں بات چیت کی جاتی رہی تاہم اس پر کوئی موئثر فیصلہ نہیں کیا گیا ان سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے ادارے کی مالی حیثیت کو مستحکم کرنے کے لیے ایک عرصہ سے التواء کے شکار اس مسئلے پر خصوصی توجہ دی اور چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر جنرل، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے درمیان متعدد اجلاس ہوئے جن میں اس دیرینہ مسئلے کے حل پر غور کیا گیا اور ان مسلسل کاوشوں کے بعد جمعہ کے روز یہ فلیٹ سی ڈی اے نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔
جمعہ کے روز منعقدہ ایک تقریب میں 59 فلیٹوں کا قبضہ سی ڈی اے کو باقاعدہ دے دیا گیا۔ تقریب میں اسلام آباد سے منتخب اراکین قومی اسمبلی اسد عمر اور علی نواز اعوان بھی موجود تھے۔ ان فلیٹوں کا قبضہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر مینٹی نینس کو دیا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ کے علاوہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ ایک فلیٹ کا قبضہ بھی آئندہ چند دنوں میں سی ڈی اے کو دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ فلیٹ اسلام آباد کے سیکٹرG-11/3 کی پرائم لوکیشن پر بنائے گئے ہیں اور ان سے سی ڈی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔