ریجنل پولیس دفتر راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن کے انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش سے متعلق خصوصی ورکشاپ کے ساتویں سیشن کا اہتمام کیا گیا

 
0
5333

راولپنڈی اکتوبر 04 (ٹی این ایس): ریجنل پولیس دفتر راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن کے انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش سے متعلق خصوصی ورکشاپ کے ساتویں سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کا اہتمام انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں آر پی او راولپنڈی محمد احسان طفیل کی ہدایت پر کیا گیا۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد راولپنڈی ریجن کے پولیس انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے مقدمات کی درست تفتیش کے طریقہ کار، شہادتوں کو اکٹھا کرنا، تفتیش میں پائے جانے والے نقائص اور انکی درستگی سے آگاہ کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمداحسان طفیل نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اپنے دفتر میں انسداد دہشتگردی مقدمات کی تفتیش کے طریقہ کار اور پولیس تفتیش میں پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی اور دیگر امور سے متعلق ورکشاپ کے چوتھے فیز کے ساتویں سیشن کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں ریجن کے چاروں اضلاع کے ہر انسپکٹر کو دومختلف سیشنز میں تربیت دی جارہی ہے جسکے تین فیز کے چھ سیشن مکمل ہو چکے ہیں۔چوتھے فیز اورساتویں سیشن کی ورکشاپ میں ضلع راولپنڈی سے 04انسپکٹرز، جہلم سے02، چکوال سے04اور اٹک سے ایک انسپکٹر نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں لیکچر کے لئے انسداد دہشتگردی کور ٹ کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل طاہر کاظم کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے ورکشاپ کے شرکاء کو انتہائی جامع انداز میں دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش کے درست اور منظم انداز میں تفتیشی طریقہ کارکے متعلق لیکچر دیا۔ورکشاپ کے شرکاء کو خصو صی طور پر دہشتگردی کے مقدمات میں مادی شہادتوں کے حصول اور انکی درست انداز میں عدالت میں پیش کرنے کے طریقہ کار کو وضح کیا گیا،نیز شرکاء کو اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ دہشتگردی کے مقدمات چونکہ سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں ان میں کسی قسم کی کمی یا نقائص سے ملزمان کو فائدہ پہنچتا ہے اس لئے ان مقدمات میں تفتیش کرتے وقت تمام پہلوؤں کو ہر صو رت مدنظر رکھیں اور کسی بھی شہادت کو غیر اہم نہ سمجھیں تاکہ اصل ملزمان کسی بھی صورت سزا سے بچ نہ سکیں۔ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے اس موقع پر کہا کہ پولیس انسپکٹرز کے لئے اس طرح کی ورکشاپ کا انعقاد کرنے سے انکی پیشہ وارانہ مہارت،استعداد کار اور تفتیشی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔