اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی ضلع بھر کے تھانوں کے محررران کے ساتھ اہم میٹنگ۔

 
0
8

اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی ضلع بھر کے تھانوں کے محررران کے ساتھ اہم میٹنگ۔تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، خواتین، بزرگوں اور مظلوم سائلین کو خصوصی توجہ دی جائے۔تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ضلع بھر کے تمام تھانوں کے محررر ان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے محررر ان کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بالخصوص خواتین، بزرگ شہریوں اور دیگر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے سائلین کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، انصاف کی بروقت فراہمی اور امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ مظلوم کی داد رسی اور اس پر ہونے والے ظلم کا راستہ روکنا ہماری پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ تمام افسران اپنے مثبت رویے، بہترین طرزِ عمل اور دیانتداری کے ذریعے محکمہ پولیس کا وقار مزید بلند کریں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ تمام محررین اپنے فرائض منصبی ایمانداری، دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا، جبکہ فرائض میں غفلت، ناقص کارکردگی یا شہریوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔