راولپنڈی (ٹی این ایس) نیو ایئرپورٹ پولیس کی بڑی کارروائی، دو سے اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی 11 کلو کرسٹل آئس برآمد، خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار
تھانہ نیو ایئرپورٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے 11 کلو گرام کرسٹل آئس (آئس) برآمد کر لی، جس کی مالیت پولیس کے مطابق تقریباً دو سے اڑھائی کروڑ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ نیو ایئرپورٹ انسپکٹر سید جواد شاہ کی قیادت میں ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی اور گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے ملزم حسین اکبر، سکنہ پشاور، کو گرفتار کر کے گاڑی کی تلاشی لی تو اس سے 10 کلو گرام کرسٹل آئس برآمد ہوئی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایک دوسری کارروائی میں پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ایک خاتون کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام کرسٹل آئس برآمد کر لی۔ خاتون کے خلاف بھی انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایس ایچ او انسپکٹر سید جواد شاہ نے بتایا کہ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق گرفتار ملزمان ایک بڑے منشیات نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو کرسٹل آئس مختلف شہروں میں سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کی اس کارروائی کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔













