اسلام آباد، 29 جولائی 2026 (ٹی این ایس): پاکستان میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر عالی جناب خضر فرہادوف نے آج وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے الوداعی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر قانون نے سفیر خضر فرہادوف کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ میں سفیر کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کے آئندہ فرائض کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، خلوص اور مہمان نوازی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں نبھانا ان کے لیے باعثِ فخر رہا اور وہ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ہر سطح پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان بہترین دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔















