اسلام آباد (ٹی این ایس) فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباءو طالبات کے وفد کا آپریشنز ڈویژن کا دورہ۔دورے کا مقصد طلباءو طالبات کو اسلام آباد پولیس کے آپریشنل نظام، پولیسنگ کے مختلف شعبہ جات اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباءو طالبات کے وفد نے آپریشنز ڈویژن کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد طلباءو طالبات کو اسلام آباد پولیس کے آپریشنل نظام، پولیسنگ کے مختلف شعبہ جات اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔دورے کے دوران ایس ڈی پی او مارگلہ سرکل نوشیروان احسن منہاس نے وفد کو آپریشنز ڈویژنکے مرکزی نظام، اس کے طریقہ کار اور افادیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو بتایا گیا کہ آپریشنز ڈویژن شہر میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام، پولیس رسپانس اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وفد نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے دفتر اور تھانہ مارگلہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پولیس دفاتر اور تھانہ جات کی ورکنگ، تفتیشی امور، کمیونٹی پولیسنگ، پٹرولنگ اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وفد کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس کی موثر پٹرولنگ جرائم کی روک تھام، مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اسی طرح شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات پر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ اور کوائف کے اندراج کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام میں مدد مل رہی ہے۔وفد کو پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور آپریشنل امور میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ طلباءو طالبات نے اسلام آباد پولیس کے جدید پولیسنگ نظام، پیشہ ورانہ طریقہ کار اور شہریوں کی سہولت و تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔وفد کے شرکاءنے دورے کو مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز پولیس اور نوجوانوں کے درمیان رابطے، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں











