اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا اہم اجلاس۔آئی جی اسلام آباد نے محکمانہ و آپریشنل امور کا جائزہ لیا۔ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، موثر اور پیشہ ورانہ پولیس فورس بنانے کے لئے محکمانہ، انتظامی اور آپریشنل نظام میں مزید بہتری کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، اے آئی جی لاجسٹکس محمد عثمان طارق بٹ ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سلمان ظفر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اسلام آباد پولیس کے محکمانہ، انتظامی اور آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے اپنے متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی، جاری اقدامات اور مختلف امور پر ہونے والی پیش رفت سے آئی جی اسلام آباد کو آگاہ کیا۔اجلاس میں پولیس کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ استعداد کو مزید بہتر بنانے، دستیاب وسائل کے موثر استعمال، انتظامی معاملات میں بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ کے تمام شعبہ جات اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیتے ہوئے باہمی رابطہ کاری کو مزید موثر بنائیں۔ انہوں نے دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور جاری اقدامات کی موثر نگرانی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ، بہتر انتظامی نظام اور موثر وسائل مینجمنٹ ایک مضبوط اور جدید پولیس فورس کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ تمام افسران تفویض کردہ اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، موثر اور پیشہ ورانہ پولیس فورس بنانے کے لیے محکمانہ، انتظامی اور آپریشنل نظام میں مزید بہتری کا عمل جاری رکھا جائے گا، تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے













