اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت امن و امان، انسداد جرائم، تفتیشی اور آپریشنل امور سے متعلق اجلاس کا انعقاد

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت امن و امان، انسداد جرائم، تفتیشی اور آپریشنل امور سے متعلق اجلاس کا انعقاد۔آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی روک تھام، زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت، آپریشنل اقدامات اور قانونی امور کا جائزہ لیا ۔تمام افسران کو جرائم کے سدباب، تفتیش کے معیار میں بہتری اور پولیس اقدامات کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان، انسدادِ جرائم، تفتیشی و آپریشنل امور، سکیورٹی اقدامات اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں، زیرِ تفتیش مقدمات میں پیش رفت، تفتیش کے معیار اور جاری آپریشنل اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور جاری اقدامات کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ اور قانون کے مطابق جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور مقدمات کی موثر نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ میں پولیس کی موجودگی، گشت، ناکہ بندی اور چیکنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے جبکہ اہم و حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری اور موثر رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام، جرائم کی موثر روک تھام اور بروقت و معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے افسران کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو دیے گئے احکامات پر موثر عملدرآمد اور باقاعدہ فالو اَپ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس کی مجموعی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لائی جائے