اسلام آباد (ٹی این ایس) فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت اسلام آباد ٹریفک پولیس کی انٹرن شپ کی اختتامی تقریب۔چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی خصوصی شرکت، سی یو ایس ٹی اور بحریہ یونیورسٹی کے طلباءمیں سرٹیفکیٹس تقسیم۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (CUST) اور بحریہ یونیورسٹی کے طلباءکی انٹرن شپ مکمل ہونے پر اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 عائشہ جمیل بھی موجود تھیں۔انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلباءکو اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مختلف شعبہ جات، ٹریفک مینجمنٹ، پولیسنگ اور پیشہ ورانہ امور کے عملی پہلووں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ انہیں ٹریفک قوانین کے نفاذ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی ٹریفک سہولیات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔تقریب کے دوران سی ٹی او اسلام آباد کائنات اظہر خان نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباءکی حوصلہ افزائی کی اور ان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پولیسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے عملی نظام سے روشناس کرانے کا مقصد ان میں قانون کی پاسداری، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور ذمہ دار شہری ہونے کا شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نوجوانوں کے ساتھ موثر رابطے اور انہیں ٹریفک قوانین و روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ نوجوان نسل میں قانون کی پاسداری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا شعور اجاگر کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے
















