اسلام آباد (ٹی این ایس) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی، پیشہ ورانہ امور، انتظامی معاملات اور شہریوں کو موثر و بروقت پولیس سروسز کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے جاری اور زیرِ تکمیل مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پولیس سروسز کو مزید آسان، موثر اور شہری دوست بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے، پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے اور سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول میں کسی قسم کی غیر ضروری دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام متعلقہ شعبہ جات عوام کو بروقت، شفاف اور موثر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پولیس سروسز کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو آمد و رفت کے دوران درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹریفک نظام کو مزید منظم اور موثر بنانے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی اقدامات کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے اور متعلقہ افسران شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے جبکہ پولیس سروسز میں غیر ضروری تاخیر اور غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، انہیں معیاری پولیس سروسز کی فراہمی اور قانون کی بالادستی اسلام آباد پولیس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ تمام افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مکمل عزم، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انتظامی امور میں مزید بہتری لاتے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور محکمانہ امور کی بروقت تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی اور سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جا سکے














